اسلام آبادکو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانےکا فیصلہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانےکا فیصلہ کیا گیاہے۔
وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیرصدارت کیش لیس اسلام آبادکے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سی ڈی اے، بینکنگ سیکٹرکے نمائندگان اور دیگرحکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بینکنگ سیکٹر نمائندگان کی جانب سے کیش لیس اسلام آباد منصوبےکی کامیابی کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اس موقع پر طلال چوہدری نے کہا کہ کیش لیس اسلام آباد منصوبےکی کامیابی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت اورتجاویز اہم ہیں، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کی ہدایت پرکیش لیس اسلام آباد منصوبے پر تیزی سےعملدر آمد جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 30 نومبرکے بعد آئی سی ٹی اور سی ڈی اےکےکسی محکمے میں نقد ادائیگی نہیں کی جائےگی، 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام مرچنٹس کوکیش لیس نظام میں شامل کرنےکا ہدف ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کیش لیس نظام سے مالیاتی شفافیت، ٹیکس مانیٹرنگ اور لین دین کے نظام میں بہتری آئےگی، اسلام آباد میں 26 ہزار مرچنٹس پہلے ہی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہیں، ریڑھی بانوں سے بڑےکاروباری مراکز تک ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائےگی۔



