محمد نواز کا اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی کا اعتراف، ری ہیب پروگرام پر رضامند، عارضی معطلی ختم

قومی کرکٹر محمد نواز نے آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے ری ہیب پروگرام پر رضا مندی ظاہر کردی جس کے بعد کرکٹ کونسل نے ان کی عارضی معطلی ختم کردی۔
آئی سی سی کے مطابق 32 سالہ آل راؤنڈر محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ 7 فروری 2026 کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے میچ کے بعد لیا گیا تھا جس میں ان کے نمونے میں ممنوعہ چیز کی موجودگی پائی گئی۔
آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے مطابق 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ اور اس کے بعد یکم مئی 2026 تک محمد نواز کی تمام میچ کارکردگی اور ریکارڈز بھی ڈس کوالیفائیڈ قرار دے دیے گئے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق محمد نواز نے اعتراف کیا کہ یہ ممنوعہ چیز کھیل سے باہر استعمال کی گئی اور اس کا کھیل میں کارکردگی بہتر بنانے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
آئی سی سی نے انہیں 3 ماہ کے لیے نااہل قرار دیا ہے تاہم یہ سزا یکم مئی 2026 سے مؤثر سمجھی جائے گی جب انہوں نے رضاکارانہ طور پر عارضی معطلی اختیار کی تھی۔
آئی سی سی کے مطابق اگر محمد نواز ممنوعہ چیز کے استعمال سے متعلق ری ہیب پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیتے ہیں تو ان کی نااہلی کی مدت 3 ماہ سے کم ہو کر ایک ماہ تصور کی جائے گی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ محمد نواز نے بحالی پروگرام میں شرکت پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے جس کے بعد ڈھائی ماہ کی معطلی مکمل ہونے پر ان کی عارضی معطلی ختم کردی گئی ہے۔



