بھارتی وزیر دفاع نے کبھی سندھو کا پانی نہیں پیا اس لیے دماغ خراب ہے، وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع نے کبھی سندھو کا پانی نہیں پیا اس لیے اس کا دماغ خراب ہے، سندھو کا پانی پینے والا اس دھرتی سے غداری نہیں کر سکتا۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت کے دفاع کے وزیر نے جو تاثر دیا وہ قابل مذمت ہے، میں سمجھتا تھا کہ راج ناتھ سندھ میں پیدا ہوا ہوگا اس لیے اس کو درد ہے لیکن بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ اور اس کا باپ بھارت میں ہی پیدا ہوئے، گندے انڈے ہر جگہ ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دریا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں، حکومت پاکستان اس قرارداد کو دنیا میں بھیجے اور بتائے کہ بھارت سندھ دریا پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ جو قرارداد پیش کی گئی اس میں پوری تاریخ بیان کی گئی ہے، میں 1947 اور انگریز دور کی بات نہیں کر رہا۔ سندھ کے قدیمی نقشے میں ملتان اور مکران بھی شامل تھا، سندھ قبل مسیح سے بھی پہلے موجود تھا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ سندھ چیپٹر نے پاکستان کی قرارداد پیش کی تھی، ہم سب پاکستان بنانے والے یہاں بیٹھے ہیں اور ہمارے بڑوں کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان بنا ہے۔



