بلوچستان میں 81 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

کوئٹہ، الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں خالی ہونے والی 81 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، یہ انتخابات صوبے کے 20 اضلاع میں منعقد ہوں گے، جبکہ پولنگ 9 اگست 2026 کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ پروگرام کے مطابق امیدواراپنے کاغذاتِ نامزدگی یکم جولائی سے 3 جولائی تک جمع کرا سکیں گے جبکہ ان کاغذات کی جانچ پڑتال 6 سے 8 جولائی تک مکمل کی جائے گی۔
حکام کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 9 جولائی کو جاری کی جائے گی، جبکہ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 10 سے 13 جولائی تک دائر کی جا سکیں گی، اپیلوں پر فیصلے 16 جولائی تک سنائے جائیں گے۔
صرف پٹرولیم قیمتیں کم ہونے سے ٹرین کرایوں میں کمی ممکن نہیں، وزیر ریلوے
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 17 جولائی کو جاری ہوگی جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست اور انتخابی نشانات 20 جولائی کو الاٹ کیے جائیں گے، اس کے بعد انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے متعلقہ انتخابی عملے کو تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ضمنی بلدیاتی انتخابات کے ذریعے خالی نشستوں پرنئے عوامی نمائندوں کا انتخاب عمل میں آئے گا، جس کے بعد متعلقہ بلدیاتی اداروں کی فعالیت مزید مؤثر ہونے کی توقع ہے۔



