چمن : دستی بم حملہ، ایک مزدور جاں بحق جبکہ چار زخمی

چمن: دستی بم حملہ، ایک مزدور جاں بحق جبکہ چار زخمی
چمن: کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ این 25 پر جاری تعمیراتی منصوبے میں کام کرنے والے مزدوروں کے کیمپ پر نامعلوم افراد کے دستی بم حملے میں ایک مزدور جاں بحق جبکہ چار مزدور زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ چمن کے علاقے پرانا چمن میں پیش آیا، جہاں مزدور اپنے کیمپ میں سو رہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے دستی بم پھینک دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پانچ مزدور شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ایک مزدور راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ چار زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق مزدور کی شناخت نصرالدین ولد غلام فرید کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر 28 سال تھی اور وہ کشمور، سندھ کا رہائشی تھا۔واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ مزدور چمن، کوئٹہ کراچی پاکستان ایکسپریس وے (این-25) کے تعمیراتی منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کردی گئی ہے۔ See less



