سونے کی قیمت میں آج بڑا اضافہ، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

ملک بھر میں آج سونے کی قیمتوں میں 5 روز کی مسلسل کمی کے بعد نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 4 ہزار 700 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 53 ہزار 36 روپے کا ہوگیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 29 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 88 ہزار 404 روپے کا ہوگیا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت 47 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 305 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ فی تولہ چاندی کی قیمت 126 روپے بڑھکر 6963 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں جمعہ کو معمولی اضافہ ہوا تاہم سونا رواں ہفتے مجموعی طور پر خسارے میں جانے کی جانب گامزن ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے سے 4,288.36 ڈالر فی اونس ہوگئی، تاہم رواں ہفتے اب تک اس کی قیمت میں تقریباً 2 فیصد کمی ہوچکی ہے۔ امریکی گولڈ فیوچرز 0.6 فیصد اضافے کے بعد 4,323.10 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئے۔
چاندی 0.1 فیصد کمی سے 63.81 ڈالر، پلاٹینم 0.5 فیصد اضافے سے 1,756.90 ڈالر جبکہ پیلاڈیم 1.3 فیصد کمی سے 1,257.56 ڈالر فی اونس ہوگیا۔
ماہرین نے جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور بڑھتے ہوئے سرکاری قرضوں کے باعث سونے کی محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر طلب برقرار رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔



