وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے، مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع

وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے 3 روزہ سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے ہیں، اس موقع پر وزیراعظم اور ان کے وفد کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اتوار کے روز وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچے، جہاں بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فادضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول کے ساتھ ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا۔ وزیراعظم کی رہائش آمد پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور شہباز شریف کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا آکر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے، شاندار استقبال پر ملائیشیا کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اس دورے سے پاک ملائیشیا دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اپنے ملائیشین ہم منصب سے ملاقات کریں گے اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امورپرتبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
ملاقات کے دوران تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے ساتھ آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفرا اسٹرکچر، ڈیجیٹل اکانومی اورعوامی روابط جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔



