کرائم
کراچی میں چوری کی انوکھی واردات، ملزمان واردات کے دو روز بعد سارا سامان واپس گھر میں پھینک گئے
کراچی کے علاقے گلشن حدید میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں چور گھر میں چوری کرنے کے بعد سامان واپس پھینک کر فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق گلشن حدید کے یوسی چیئرمین رضا جتوئی کے گھر سے 2 روز قبل چوری کی واردات کے دوران نقدی اور طلائی زیورات لوٹے گئے تھے جو ملزمان واپس گھر میں پھینک کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق رضا جتوئی نے خود تھانےآکر بتایا کہ میرے گھر پر 2 روزقبل چوری کی واردات میں ملزمان 40 لاکھ روپے کیش اور 20 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
رضا جتوئی نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز میری اہلیہ صحن میں بلیوں کو کھانا ڈا ل رہی تھی تو انہوں نے دیکھا کہ ایک تھیلے میں مذکورہ رقم اور طلائی زیورات پڑے ہوئے تھے۔
انہوں نے بھی تعجب کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ اس دور میں مشکل ہے کہ چور چوری کیا ہوا سامان واپس کردے تاہم پولیس اس حوالےسے مزید تفتیش کررہی ہے۔



