ٹرمپ انتظامیہ کا گرین کارڈ پروگرام پر نئی پابندیاں عائدکرنےکا منصوبہ

امریکی محکمہ محنت کی جانب سے گرین کارڈ پروگرام پر نئی پابندیاں عائد کرنےکی تجویز دی گئی ہے جو ٹرمپ انتظامیہ کی قانونی امیگریشن محدودکرنےکی ایک اور کوشش قرار دی جا رہی ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ محنت نے پیر کے روز گرین کارڈ کے ایک پروگرام ’پرمننٹ لیبر سرٹیفکیشن پروگرام‘ (PERM) پر نئی پابندیاں عائدکرنےکی تجویز پیش کی ہے۔اس پروگرام کے تحت اعلیٰ مہارت کے حامل غیر ملکی کارکن امریکا میں مستقل رہائش حاصل کرسکتے ہیں۔
امریکا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اور آؤٹ سورسنگ کے شعبے سے وابستہ ادارے اس پروگرام کے تحت اپنے غیر ملکی ملازمین کے لیے ملازمت کی بنیاد پر گرین کارڈ حاصل کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ عارضی ورک ویزے کی حیثیت سے مستقل امریکی رہائش حاصل کرنے کے اہل ہو جاتے ہیں۔
کسی غیر ملکی شہری کو ملازمت دینے سے پہلے کمپنیوں کو یہ ثابت کرنا ہوتا ہےکہ متعلقہ اسامی کے لیے امریکا میں مناسب اہلیت رکھنے والے اور دستیاب کارکنوں کی تعداد کافی نہیں ہے۔ اس کے علاوہ انہیں یہ بھی ثابت کرنا ہوتا ہےکہ کسی غیر ملکی کو ملازمت دینے سے اسی نوعیت کا کام کرنے والے امریکی شہریوں کی تنخواہوں اور کام کے حالات متاثر نہیں ہوں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق مجوزہ تبدیلیوں کے تحت آجروں کے لیے یہ ثابت کرنا مزید مشکل بنا دیا جائےگا کہ کسی غیر ملکی کارکن کی بھرتی سے امریکی ملازمین کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچےگا۔ اس کے علاوہ یہ شرائط ان شعبوں پر بھی لاگو کر دی جائیں گی جنہیں پہلے اس بنیاد پر استثنیٰ حاصل تھا کہ وہاں ماہرکارکنوں کی کمی ہے۔ ان میں نرسیں اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل سائنس دان بھی شامل ہیں۔
یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس پروگرام کو محدود کرنےکی تازہ ترین کوشش ہے۔ یہ ان کی انتظامیہ کی اس وسیع تر پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد امریکا میں بیرون ملک پیدا ہونے والے افراد کی تعدادکم کرنا اور ان کے لیے مستقل رہائش اور امریکی شہریت حاصل کرنےکے راستوں کو محدود کرنا ہے۔
اکتوبر میں امریکی حکومت نے متعدد بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو PERM پروگرام استعمال کرنے سے روک دیا تھا۔ ان کمپنیوں میں سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی ایڈوب، آئی ٹی آؤٹ سورسنگ کے بڑے ادارے اور مائیکروسافٹ شامل ہیں۔ امریکی محکمہ محنت کے اعداد و شمار کے مطابق مائیکروسافٹ اس پروگرام کے تحت مستقل ملازمت سے متعلق درخواستیں جمع کرانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے۔
امریکی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ اس اقدام کا مقصد ملازمتوں پر بھرتی کے عمل میں امریکی کارکنوں کے حقوق اور مفادات کا زیادہ بہتر تحفظ یقینی بنانا ہے۔
امریکی محکمہ محنت کی جانب سے پیش کی گئی تجویز کے تحت گرین کارڈ کے لیے غیر ملکی ملازمین کی سرپرستی کرنے والی کمپنیوں اور آجروں کو متعلقہ اسامیوں پر امریکی شہریوں کی بھرتی کے لیے اپنی کوششیں مزید بڑھانا ہوں گی۔ اس مقصد کے لیے اخبارات میں ملازمت کے اشتہارات شائع کرنےکے بجائے الیکٹرانک ذرائع سے اشتہارات دینے جیسے جدید طریقے اپنانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
امریکی حکام کے مطابق قواعد میں یہ مجوزہ تبدیلی اس بات کو یقینی بنائےگی کہ اعلیٰ مہارت اور زیادہ تنخواہوں والی ملازمتوں کے مواقع میں غیر ملکی کارکنوں سے پہلے امریکی شہریوں کو ترجیح دی جائے۔



