مظاہروں کے دوران طاقت کا استعمال، میئر نیویارک کا بدنام پولیس یونٹ کو ختم کرنے کا اعلان

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے مظاہرین کے خلاف مبینہ طور پر غیر ضروری طاقت استعمال کرنے والے پولیس یونٹ اسٹریٹجک رسپانس گروپ (ایس آر جی) کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
میئر ظہران ممدانی کے مطابق اس یونٹ کی جگہ ایک نیا سویلین ادارہ قائم کیا جائے گا، جس کے اہلکار غیر مسلح ہوں گے اور انہیں گرفتاری کا اختیار حاصل نہیں ہوگا، نئے ادارے کا مقصد بڑے عوامی مظاہروں کے دوران بات چیت اور کشیدگی کم کرنے کے ذریعے حالات کو کنٹرول کرنا ہے۔
یاد رہے کہ ایس آر جی یونٹ کو 2020 میں پولیس تشدد کے خلاف مظاہروں کے دوران مظاہرین، صحافیوں اور قانونی مبصرین پر طاقت کے غیرضروری استعمال اور بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کے باعث شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پولیس کمشنر نیویارک جیسیکا ٹش کا کہنا ہے کہ ایس آر جی یونٹ کے تقریباً 500 اہلکاروں کو آئندہ موسم بہار سے پہلے پولیس کے دیگر شعبوں میں تعینات کیا جائے گا۔
دوسری جانب شہری حقوق کی تنظیموں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے نئے پولیس یونٹ کی نگرانی پر زور دیا ہے، جبکہ پولیس یونینز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس اقدام سے پولیس اہلکاروں اور عوام کی سلامتی متاثر ہو سکتی ہے۔



