مکہ معاہدے کی اعلیٰ سطحی سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس رواں ماہ اسلام آباد میں ہو گا، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا اجلاس رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد میں ہو گا۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے دو روزہ سربراہی اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ معاہدے کے پہلے اجلاس میں پاکستان نے پیشکش کی تھی کہ کمیٹی کا اگلا باضابطہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد کیا جائے۔
پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے رہنماؤں نے اگست میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ یہ معاہدہ ایسے وقت میں طے پایا جب خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی تھی اور حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہری بنیادی ڈھانچے پر حملوں میں بھی شدت آ رہی تھی۔ معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر حملے کو تمام رکن ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔
اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی اس معاہدے کا اہم فیصلہ ساز فورم ہے، جس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ فوجی حکام شامل ہیں۔ کمیٹی کا گزشتہ ماہ ریاض میں اجلاس ہوا تھا، جس میں خطے کی سکیورٹی صورت حال اور سعودی عرب کو درپیش خطرات پر غور کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ تینوں ممالک نے دفاعی معاہدہ اپنے دفاع کیلیے کیا ہے اور یہ اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے مطابق ہے۔ معاہدہ اقوام متحدہ کے منشور کی شق 51 سے متصادم نہیں، جو انفرادی اور اجتماعی دفاع کا حق تسلیم کرتی ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ خطے میں قیام امن اور معیشت کیلئے ای سی او کا کردار اہم ہے، پاکستان خطے کی ترقی کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان ای سی او کے چارٹر پر مکمل عملدرآمد کیلئے تیار ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کا بات چیت کے ذریعے پرامن حل چاہتا ہے، ایران میں آئندہ ماہ ای سی او سمٹ کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان ایران ،امریکا کشیدگی کے پرامن حل کیلئے پر امید ہے، اسلام آباد ایم او یو کے تحت معاملات آگے بڑھنے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ ہم مستحکم اور خوشحال افغانستان کے حامی ہیںلیکن دراندازی کا سلسلہ جاری ہے، ہم کب تک شہیدوں کے جنازے اٹھاتے رہیں گے؟ افغان عبوری حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح ہے ، پاکستان نے افغانستان کی نئی رجیم کوتسلیم نہیں کیا۔
خیال رہے اسلام آباد میں مکہ معاہدے کی اعلیٰ سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس ایسے وقت میں ہو گا جب امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے اثرات یمن تک پھیل چکے ہیں، جہاں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان لڑائی میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران شدت آئی ہے۔
حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے توانائی اور ہوا بازی کے مراکز کو بھی نشانہ بنانے کی کارروائیاں بڑھا دی ہیں، جس پر مختلف مسلم ممالک کی جانب سے تشویش اور ردعمل سامنے آیا ہے۔
پاکستان نے حوثی حملوں کے تناظر میں سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسلام آباد نے یمن میں سرگرم حوثی گروپ پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر واپس آئے اور سعودی عرب کے شہری بنیادی ڈھانچے پر حملے فوری طور پر بند کرے۔



