پاکستان

سالک حسین کی جانب سے بھیجا گیا ہتک عزت کا نوٹس تاحال مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کو موصول نہیں ہوا

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کو جاری کیا گیا قانونی نوٹس تاحال انہیں موصول نہیں ہوا۔

چوہدری سالک حسین کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو ہتک عزت کا نوٹس 11 نومبر کو بھیجا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھیجے گئے نوٹس میں 3 نومبر کو اٹک میں کی گئی تقریر کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ گجرات کے ایک وزیر ہیں چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے سالک حسین جنہوں نے جھوٹے الزامات لگائے، جھوٹے الزامات نہیں سنوں گی، ثبوت ہیں تو لاؤ ورنہ عدالت میں گھسیٹوں گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ ان کو تکلیف یہ ہے کہ نیا ڈی سی گجرات ان کی مرضی کا کیوں نہیں لگایا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کو نوٹس میں 7 روز میں جواب دینے کا لکھا گیا ہے، نوٹس میں سالک حسین نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر مشروط معافی مانگیں ورنہ اطمینان بخش جواب نہ دینے پر قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔

اسی طرح پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو جاری کیے گئے نوٹس میں ان کی 2 نومبر کی ٹویٹ کو بنیاد بنایا گیا ہے جس میں عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ مرضی کا ڈی سی گجرات نہ لگانے پر اتنا غصہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ کسی کے کہنے پر ڈی سی نہیں لگاتیں، سالک حسین جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کرتے ہیں، سالک حسین بیان بازی کے بجائے شافع حسین سے حقائق معلوم کرلیتے تو بہتر ہوتا۔

نوٹس میں عظمیٰ بخاری کو 7 دن میں جواب دینے اور غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس بارے میں عظمی بخاری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور انہیں کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، نوٹس موصول ہونے پر جائزہ لیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker