آئینی عدالت میں پی ٹی آئی کی درخواست منظور ، پشاور ہائیکورٹ کو گورنر راج اور ایمرجنسی کے سوا دیگر مقدمات سننے کی اجازت دیدی

وفاقی آئینی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست منظور کرتے ہوئے 5 نومبر کے اپنے حکم میں ترمیم کردی۔
وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کو گورنر راج اور ایمرجنسی کے سوا آرٹیکل 199 کے دیگر مقدمات سننے کی اجازت دے دی جبکہ پشاور بار کونسل کو کیس میں فریق بننے کی اجازت بھی دے دی گئی۔
عدالت میں پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 5 نومبر کے عدالتی حکم سے پشاور ہائیکورٹ کی کارروائی متاثر ہوئی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکم امتناع گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق معاملات پر تھا، پشاور ہائیکورٹ آرٹیکل 199 کے تحت دیگر مقدمات سن سکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر کی تھری ایم پی او کے تحت بھی ریلیف دینے کی استدعا پر جسٹس امین الدین خان نے کہا آپ نے متفرق درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر کیں، درخواستیں ہمارے پاس آجائیں گی تو دیکھ لیں گے۔
5 نومبر 2026 کو وفاقی آئینی عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ 12 اکتوبر 2026 یا اس کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر تمام درخواستوں پر کارروائی معطل رہے گی۔
علاوہ ازیں آئینی عدالت کے 5 نومبر کے حکم سے متعلق کے پی حکومت نے اپنے جواب میں کہا کہ پورے خیبر پختونخوا میں کسی استثنیٰ کے بغیر سول انتظامیہ کی معاونت کے لیےافواج کی مسلسل تعیناتی ناگزیرہے۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ فی الحال خیبرپختونخوا کےکسی ضلع یا علاقے سے افواج واپس بلانے یا تعیناتی ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، خیبرپختونخوا میں سول انتظامیہ، قیمتی انسانی جانوں، سرکاری املاک اور اہم تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبرکے حکم میں کے پی حکومت سے فوج کی تعیناتی کے بارے میں تفصیل مانگی تھی، عدالت نے پوچھا تھا کن اضلاع میں فوج کی ضرورت ہے اورکن اضلاع میں ضرورت نہیں ہے۔



