انٹرنیشنل

لندن کا انوکھا ریلوے اسٹیشن

مغربی لندن کے پوش علاقے چیلسی میں واقع سلون اسکوائر اسٹیشن ایک بہت ہی مشہور اور انوکھا ریلوے اسٹیشن ہے اور اپنے اندر ایک عجوبہ سموئے ہوئے ہے۔ یہاں پلیٹ فارم پر ٹرین کا انتظار کرتے مسافروں کے عین سروں کے اوپر ایک پورا دریا رواں دواں ہے اور ’دریائے ویسٹبورن‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

اس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ دریائے ویسٹبورن، ہیمپسٹیڈ ہیتھ سے نکل کر ہائیڈ پارک میں سرپینٹائن جھیل بناتا ہے، اس اسٹیشن کے پلیٹ فارم کے بالکل اوپر ایک بڑے لوہے کے پائپ اور پل کے ذریعے گزرتا ہے۔ جب ٹرین پلیٹ فارم پر آتی ہے تو مسافر اپنے سر کے اوپر اس بڑے پائپ کو دیکھ سکتے ہیں جس کے اندریہ دریا بہہ رہا ہوتا ہے، اور یہی منظر اس اسٹیشن کو لندن کے باقی تمام اسٹیشنوں سے مختلف اور دیکھنے کے لائق بناتا ہے۔

انیسویں صدی میں لندن کی معروف ڈسٹرکٹ اور سرکل لائن بچھائی جا رہی تھی، اس وقت انجینئرز کو ایک غیر معمولی رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ اسٹیشن کے عین راستے میں دریائے ویسٹبورن حائل تھا۔ اس زمانے کے وکٹورین انجینئروں نے دریا کا راستہ روکنے یا اسے موڑنے کے بجائے ایک حیرت انگیز حل نکالا۔ انہوں نے اسٹیشن کے پلیٹ فارم اور ریلوے پٹریوں کے بالکل اوپر مضبوط اور دیوہیکل لوہے کا پائپ نصب کیا تاکہ ٹرینیں نیچے سے گزر سکیں اور دریا بھی اوپر اپنا سفر جاری رکھے۔

دریائے ویسٹبورن کا شمار لندن کے ان قدیم دریاؤں میں ہوتا ہے جنہیں شہر کی توسیع کے دوران زمین دوز کر دیا گیا تھا اور اب انہیں ’لندن کے گمشدہ دریا‘ کہا جاتا ہے۔ یہ دریا شمالی لندن کے سرسبز علاقے ہیمپسٹیڈ ہیتھ سے نکلتا ہے اور مشہورِ زمانہ ہائیڈ پارک سے گزرتا ہے، جہاں سنہ 1730 میں اس پر بند باندھ کر خوبصورت ’سرپینٹائن جھیل‘ بنائی گئی تھی۔ وہاں سے آگے بڑھتے ہوئے یہ دریا چیلسی کے راستے دریائے ٹیمز میں جا گرتا ہے۔

ڈیڑھ صدی پرانی انجینئرنگ کا شاہکار

چوبیس دسمبر 1868 کو کھلنے والے اس اسٹیشن کی چھت کے نیچے لٹکتا تقریباً چار فٹ موٹا سبز رنگ کا لوہے کا پائپ آج بھی مسافروں کو واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔ گزشتہ 150 برسوں سے زائد عرصے سے دریائے ویسٹبورن کا پانی خاموشی کے ساتھ اس پائپ کے اندر سے گزر رہا ہے، جبکہ روزانہ ہزاروں مسافر اس کے نیچے سے گزر کر اپنی منزلوں کو روانہ ہوتے ہیں۔

دوسری جنگِ عظیم کی بمباری بھی جسے نہ ہلا سکی

اس تاریخی پائپ کی مضبوطی کا سب سے بڑا امتحان دوسری جنگِ عظیم کے دوران ہوا۔ نومبر 1940 میں جرمن فضائیہ کی شدید بمباری کے نتیجے میں سلون اسکوائر اسٹیشن بری طرح تباہ ہو گیا تھا اور اس حملے میں متعدد مسافر بھی ہلاک ہوئے تھے۔ حیران کن بات یہ تھی کہ اسٹیشن کے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہونے کے باوجود دریائے ویسٹبورن کو لے جانے والا یہ لوہے کا پائپ بالکل محفوظ رہا۔ اگر اس پائپ کو ذرا سا بھی نقصان پہنچتا تو پورا زیرِ زمین ریلوے نظام پانی میں ڈوب سکتا تھا۔ سنہ 1951 میں اسٹیشن کی تعمیرِ نو مکمل کی گئی، لیکن اس تاریخی پائپ کو جوں کا توں برقرار رکھا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker