پاک ایران پاسپورٹ گیٹ طویل عرصے بعد پاکستانی تاجروں کے لیے کھول دیا گیا

پاک ایران پاسپورٹ گیٹ طویل عرصے بعد پاکستانی تاجروں کے لیے کھول دیا گیا
پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی آمد و رفت میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تفتان بارڈر پر واقع پاک ایران ایف آئی اے پاسپورٹ گیٹ طویل عرصے بعد پاکستانی تاجروں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث ضلع چاغی سے متصل سرحدی شہر تفتان میں ایران جانے والے پاکستانی شہریوں کی پاسپورٹ اور ویزا کے ذریعے آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھی۔
تاہم اب حکام نے پاسپورٹ گیٹ کو محدود بنیادوں پر بحال کرتے ہوئے صرف پاکستانی رجسٹرڈ تاجروں کو تجارتی ویزا کے ذریعے ایران جانے کی اجازت دے دی ہے۔
اس فیصلے سے سرحدی تجارت سے وابستہ تاجروں کو سہولت ملے گی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کی بحالی میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عام مسافروں کی آمد و رفت سے متعلق مزید فیصلے سیکیورٹی اور علاقائی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے



