
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ آج (پیر ) سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے آئندہ چند روز میں ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارشیں ہونے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ 30دسمبر سے مزید مضبوط ہو کر 31دسمبرکے روزملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا اور 2جنوری 2026ء تک بالائی علاقوں میں برقرار رہنے کا امکان ہے۔
مغربی ہوائوں کے سلسلے میں 31دسمبر کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی، لورالائی، موسی خیل، تربت، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
سندھ میں انہی ایام کے دوران کراچی، حیدرآباد، دادو، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین اور گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش / بوندانابدی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
30 دسمبر اور01جنوری کے دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام ،مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک،ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور کوہاٹ میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اور بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید درجے برفباری کی بھی توقع ہے۔
30دسمبر (شام/رات)سے 2جنوری کے دوران گلگت بلتستان کے علاقوں دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے، شگر اور کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی ، کوٹلی، بھمبر، میرپور میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور درمیانے درجہ کی برفباری کا امکان ہے۔30دسمبر (شام/رات)سے 2جنوری کے دوران مری اورگلیات میں وقفے وقفے سے تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، 31دسمبر اور یکم جنوری کے روز اسلام آباد/راولپنڈی ، خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، فیصل آباد، منڈی بہائوالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گجرات میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
31دسمبر کے روز میانوالی، بھکر، سرگودھا، خوشاب، نورپورتھل، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، مظفر گڑھ، جھنگ اور ساہیوال میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے



