سائبر حملوں سے بچنے کیلئے مقامی طور پر تیار کردہ خودکار ویب مانیٹرنگ سسٹم فعال

پاکستان میں سائبر حملوں سے بچنے کیلئے مقامی طور پر تیار کردہ خودکار ویب مانیٹرنگ سسٹم فعال کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی سرکاری ویب سائٹس پر سائبر حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے نیشنل سرٹ الرٹ نے مقامی طور پر تیار کردہ خودکار ویب مانیٹرنگ سسٹم فعال کردیا ہے، ویب مانیٹرنگ سسٹم ویب سائٹس پر سائبر حملوں کی ریئل ٹائم نشاندہی کرتا ہے، جس کے ذریعے نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے 1 ہزار 500 سے زائد سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کی ریئل ٹائم کڑی نگرانی شروع کردی۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی 1 ہزار 527 سرکاری اور اہم ویب سائٹس کی مسلسل سائبر مانیٹرنگ جاری ہے، سسٹم سائبر خطرہ سامنے آتے ہی متعلقہ اداروں کو خودکار الرٹس جاری کردیتا ہے، خودکار مانیٹرنگ سسٹم وفاقی حکومت کی 407 ویب سائٹس کی نگرانی کررہا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ خیبرپختونخواہ حکومت کی 282 اور پنجاب کی 209 ویب سائٹس کی مانیٹرنگ، سندھ حکومت کی 174 اور بلوچستان حکومت کی 108 ویب سائٹس کی نگرانی کی جارہی ہے، گلگت بلتستان حکومت کی 51،آزاد کشمیر کی 133 ویب سائٹس بھی سسٹم میں شامل ہیں۔
نجی شعبے کی119اور بینکنگ سیکٹر کی 44ویب سائٹس کی بھی نگرانی جاری ہے۔ دوسری طرف پاکستان میں سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کیلئے نصب کی جانے والی فائر وال منصوبہ ناکام ہوچکا ہے، جس کے باعث حکومت نے 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی سے پہلے فائروال کو مستقل طور پر بند کردیا ہے، اس ضمن میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ تکنیکی مسائل سے فائر وال ٹیلی کام انفراسٹرکچر سے ہم آہنگ نہ ہوسکی، جس کے باعث حکومت نے سوشل میڈیا کی نگرانی کیلئے لگائی گئی فائر وال بند کردی۔



