شیخوپورہ ریجن میں پر امن الیکشن کے لیے پولیس نے اسلحے کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 300 سے زائد غیرقانونی اور 700 سے زائد لائسنس یافتہ ہتھیار قبضےمیں لے لیے۔
آر پی او شیخوپورہ ریجن بابر سرفراز الپا اور ڈی پی او زاہد نواز مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پورے ریجن میں کسی کو اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہو گی، پولنگ کے دن ہماری غیر جانبداری نظر بھی آئے گی۔
آر پی او شیخوپورہ بابر سرفراز الپا نے بتایا کہ الیکشن سے قبل ضلع بھر میں آپریشن کیا گیا، 226 کلاشنکوفوں سمیت 800سے زائد خود کار اسلحہ برآمد کیا گیا ، 3 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں 700 سے زائد شرپسند عناصر سے ضمانت نامے بھی لیے گئے ، اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کرنے والوں کیخلاف 170 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 100 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ڈی پی او زاہد نواز مروت نے کہا کہ ہمیں ابھی بھی نفری کی کمی کا سامنا ہے ، الیکشن ڈے پر قانون ہاتھ میں لینے والوں کو سختی سے نمٹا جائے گا۔



