پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر ہوگا، قیمتوں میں جتنا اتارچڑھاؤ ہوگا وہ عوام کو منتقل کیا جائیگا:علی پرویز ملک

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا وزیراعظم اور کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کرے گی۔
وفاقی وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیراطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہاکہ خطے میں کشیدگی کے باعث ایک بار پھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ہر جگہ توانائی کی قیمتیں دوبارہ بڑھنا شروع ہوگئی ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں ایک بار پھر جنگ ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے، کچھ دنوں ڈیزل کی قیمت میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے ، عالمی منڈی میں ڈیزل کی قیمت 110 سے بڑھ کر 140 ڈالر ہوچکی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان
انہوں نے کہا عوام کا شکر گزار ہوں کہ بے پناہ تحمل کے ساتھ یہ تکلیف جھیلنے کی کوشش کی، ٹارگٹڈ سبسڈی کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہیں اس کے باوجود عوام میں تکلیف موجود ہے ، عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا، پیٹرولیم قیمتوں پر سبسڈی کا پروگرام آج بھی جاری ہے۔
علی پرویز نے کہا حکومت پیٹرولیم مصنوعات کوڈی ریگولیشن کی طرف لےجارہی ہے، کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اوگرا یومیہ بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کا فیصلہ کرے، اوگرا یومیہ بنیاد پر عالمی منڈی کو مدنظر رکھ کر قیمتوں کا تعین کرے گا، پیٹرول ڈیزل پر لیوی اور کاربن سپورٹ لیوی کی سطح پہلے سے کم ہے۔
علی پرویز ملک نے کہاکہ وزیراعظم اور وفاقی حکومت نے 130 ارب روپے کے وسائل استعمال کرکے لوگوں کو سہارا دینےکی کوشش کی، وزیراعظم اور کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کرے گی، اوگرا روزانہ کی قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر لگایا کرے گی۔ آئل سیکٹرمیں ناجائزمنافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پرکارروائی ہوگی۔



