پاکستان چین تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی نے وقت کے ہر امتحان کا سامنا کیا، دونوں ممالک کے دل ایک دوسرے سے جڑے ہیں اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں جبکہ 2026 دونوں ممالک کے مشترکہ سفر میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
چین کے قومی دن کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور چین کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی دن عظیم چینی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابلِ تسخیر جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے۔
’عالمی امن ، استحکام اور ترقی میں چین کا انتہائی اہم کردار ہے، وزیراعظم‘
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا انتہائی اہم کردار ہے، صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت میں چین نے انسانی ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور اپنے عوام کے لیے زیادہ خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔



