موبائل فون سمز کی صارفین کے نام پر رجسٹریشن لازمی قرار

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ٹیلی کام صارفین کو یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ تمام سمز کا صارف کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے، کسی دوسرے فرد کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال ضوابط کے منافی تصور کیا جاتا ہے جب کہ سم کے کسی بھی غلط استعمال کی مکمل ذمہ داری متعلقہ رجسٹرڈ صارف پر عائد ہوتی ہے۔
اس حوالے سے ادارے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے یہ امر لازم قرار دیا جاتا ہے کہ صارفین اپنی سمز اور ٹیلی کمیونیکیشن کنکشنز کا ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنائیں جب کہ ایسے صارفین اپنی سم یا ڈیوائس کے ذریعے کی جانے والی تمام کالز، میسجز اور ڈیٹا کے استعمال کے انفرادی طور پر خود ذمہ دار ہوں گے لہذا صارفین پر لازم ہے کہ وہ تمام متعلقہ قواعد و ضوابط کی پابندی کریں۔
پریس ریلیز میں پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، مزید برآں پی ٹی اے کی طرف سے تمام ٹیلی کام صارفین کو کہا جاتا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرتے ہوئے پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن نظام کے تحفظ، استحکام اور اعتماد کو برقرار رکھنے میں اپنا فعال اور مؤثر کردار ادا کریں کیوں کہ کسی اور کے نام رجسٹرڈ سم کا استعمال قانون کی خلاف ورزی ہے، سم کے غلط استعمال کی مکمل ذمہ داری رجسٹرڈ صارف پر ہوگی۔



